ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کو دنیا بھر سے جوڑے گا، وزیراعلیٰ
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے ریکوڈک معاہدے پر دستخط کے بعد کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کو دنیا بھر سے جوڑ دے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ریکوڈک منصوبے کے معاہدے پر دستخط کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور بیرک گولڈ کمپنی کے صدر مارک برسٹو نے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اب ایمرجنسی نہیں بلکہ تعمیر وترقی کا میدان بنے گا اور یہ معاہدہ صوبے کو دنیا بھر سے جوڑ دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ریکوڈک میں بہترین معاہدہ کرکے وسائل کا تحفظ کیا گیا ہے، ہم وزیراعظم اور آرمی چیف کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہماری تلخ باتوں کو برداشت کیا۔
بیرک گولڈ کمپنی کے صدر مارک برسٹو نے کہا کہ اعتماد سازی کی فضا بحال کرکے بات چیت کا آغاز کیا اور اب مستقبل کی جانب ایک اچھے سفر کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ ریکوڈک معاہدے کا 25 فیصد حصہ بلوچستان کو ملے گا۔
مزید پڑھیں: ریکوڈک معاہدے پر 25 فی صد حصہ بلوچستان کا ہوگا: شوکت ترین
وزیر خزانہ شوکت ترین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈین مائننگ کمپنی بیرک گولڈ معاہدے کے تحت 10 ارب ڈالر خرچ کرے گی، معاہدہ ففٹی پرسنٹ شیئرز پر ہے، جب کہ پچیس فی صد شیئر بلوچستان کو ملے گا، یہ شیئربلوچستان کے عوام کے لیے تحفہ ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق ریکوڈک میں تاخیر پر ملک کو معاشی نقصان پہنچا، اس معاہدے سے آئندہ 100 سال تک بلوچستان کو فائدہ ہوگا، اور اس سے 8 ہزار نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
شوکت ترین نے کہا ہم یہ معاہدہ نہ کرتے تو 11 ارب ڈالر جرمانہ لگ جانا تھا، لندن کی عدالت اور عالمی ثالثی عدالت کا مجموعی جرمانہ تقریباً 11 ارب ڈالر تھا۔
Post a Comment
please do not enter any spam link in the comment box.